ڈیرہ اسماعیل خان میں پشاور طرز کا جدید ترین آئی ٹی پارک قائم کیا جائے گا،ڈاکٹر شفقت ایاز

پیر 8 ستمبر 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پشاور طرز کا جدید ترین آئی ٹی پارک قائم کیا جائے گا،جس کا مقصد جنوبی اضلاع کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خیبرپختونخوا کی ترقی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ اس آئی ٹی پارک میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں جدید دفاتر، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، ڈیٹا سینٹرز، بزنس انکیوبیشن سینٹرز، سٹارٹ اپس کے لیے خصوصی ورک سپیس، جدید لیبارٹریز اور کانفرنس ہالز شامل ہوں گے، یہ وہ سہولیات ہیں جو کسی بھی آئی ٹی کمپنی یا ایکسپرٹ کو بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں جنوبی اضلاع کے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے،یہ نوجوان اپنی صلاحیت اور جذبے کے لحاظ سے کسی بھی بڑے شہر کے نوجوانوں سے کم نہیں ہیں،موجودہ حکومت ان نوجوانوں کو وہ تمام جدید سہولیات فراہم کرنے جا رہی ہے جن کی مدد سے وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان بنا سکیں گے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ آئی ٹی پارک کے قیام سے ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار کے ہزاروں مواقع میسر آئیں گے جبکہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کے دروازے بھی کھلیں گے۔ انہوں نےکہا کہ آنے والا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو نہ صرف جدید ہنر فراہم کیا جائے بلکہ ان کے لیے عملی مواقع بھی پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خواب یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کو آئی ٹی کا حب بنایا جائے اور یہاں کے نوجوانوں کو دنیا کے ساتھ مقابلے کے قابل بنایا جائے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت محض نعرے نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس منصوبے کو جلد مکمل کرے گی تاکہ جنوبی اضلاع کے نوجوان بھی پشاور کی طرح ڈیجیٹل سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔