پاکستانی تعلیمی ادارے بھارت کی آبی دہشت گردی کے نشانے پر ہیں ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 9 ستمبر 2025 10:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے آج تعلیم کو حملوں سے بچانے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی تعلیمی ادارے بھارتی آبی دہشت گردی کے نشانے پر ہیں ،بھارت کی آبی دہشتگردی کی وجہ سے ملک بھر کے سکول تباہ و برباد ہو گئے ہیں بچے کچھے تعلیمی اداروں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم ہونے کے باعث بچوں کا شدید ترین تعلیمی نقصان ہو رہا ہےان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیم کو حملوں سے تحفظ فراہم کرنے کے بین الاقوامی دن کے موقع پر کوبے چک میں دی سپرٹ سکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد کے دوران اپنے ہزاروں معصوم بچے کھوئے، پاکستان کے تعلیمی ادارے دہشتگردوں کا نشانہ بنے، مگر قوم نے ہمت اور عزم کے ساتھ ثابت قدم رہ کریہ پیغام دیا کہ تعلیم کا سفر کسی قیمت پر نہیں رکے گا ۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے کہاعالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آج کے دن بھارت کی آبی دہشتگردی کا نوٹس لیکر پاکستان میں متاثرہ تعلیمی ڈھانچے کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کریں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ تعلیم دشمن عناصر کا مقابلہ صرف اس صورت میں کیا جا سکتا ہے جب حکومت، عالمی ادارے، سول سوسائٹی اور والدین سب مل کر اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور روشن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔