چیئرمین سینیٹ کا پاکستان اور ایتھوپیا کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

منگل 9 ستمبر 2025 23:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور ایتھوپیا کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک باہمی وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے خوشحالی کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں، پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان صدیوں پرانے تجارتی و ثقافتی روابط ہیں جو پاکستان کی ’’لٴْک افریقہ پالیسی‘‘ کے تحت نئے جوش و جذبے کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔

و ہ منگل کو مقامی ہوٹل میں ایتھوپیا کے نئے سال، یومِ اتحاد اور رنے سانس کے افتتاح کے قومی ایام کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گرینڈ ایتھوپین رنے سانس ڈیم محض کنکریٹ اور اسٹیل کا ڈھانچہ نہیں بلکہ یہ ایتھوپیا کے عزم، اجتماعی وڑن اور ترقی خوشحالی کی علامت ہے۔

انہوں نے ایتھوپیا کی شاندار کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور زور دیا کہ دونوں ممالک باہمی وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے خوشحالی کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان صدیوں پرانے تجارتی و ثقافتی روابط ہیں جو پاکستان کی ’’لک افریقہ پالیسی‘‘ کے تحت نئے جوش و جذبے کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیرِاعظم اور اب بطور چیئرمین سینیٹ ان کی ذاتی کاوش ہمیشہ یہی رہی ہے کہ جنوب۔جنوب تعاون کو فروغ دیا جائے۔ اسی مقصد کے تحت سینیٹ نے رواں سال خصوصی اجلاس منعقد کیا تھا جسے پاکستان-افریقہ فرینڈشپ ڈے کے طور پر منایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل بشمول پانی و توانائی کا تحفظ، نوجوانوں کا بااختیار بنانا اور ادارہ جاتی مضبوطی کا حل باہمی اتحاد اور گلوبل ساؤتھ کے درمیان تعاون میں پوشیدہ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے نومبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی انٹرپارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس کا بھی ذکر کیا اور اس میں ایتھوپیا کے پارلیمانی رہنماؤں کو خوش آمدید کہنے کی خواہش ظاہر کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کا مقصد ایک ہی ہے کہ اپنے ہر شہری کے لیے امن، خوشحالی اور وقار کو یقینی بنایا جا ئے، مستقبل کے تناظر میں انہوں نے تجدیدی توانائی، زرعی جدت اور پارلیمانی روابط کے شعبوں میں قریبی شراکت داری کی امید ظاہر کی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور ایتھوپیا کے عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کی خدمات کو سراہا اور بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ایتھوپیا کیسفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے بھی خطاب کیا اور پاکستان۔افریقہ تعلقات کے فروغ میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی وڑنری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ امن، تنوع اور باہمی احترام کی مشترکہ اقدار پر قائم ہے۔سفیر نے تجارت، ماحولیاتی تبدیلی کے مقابلے کی صلاحیت، ٹیکنالوجی اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کی ’’لٴْک افریقہ پالیسی‘‘ کے تحت ادارہ جاتی شراکت داری اور باضابطہ مکالمے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھرپور دلچسپی رکھتا ہے۔