چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سیکرٹری جنرل انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کی ملاقات، ملاقات میں علاقائی پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے پر زور

منگل 9 ستمبر 2025 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایک ناتھ دھاکل نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ملاقات میں نومبر میں منعقد ہونے والی انٹر پارلیمنٹری اسپیکر کانفرنس کے متعلق امور اور اس کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ کانفرنس کو زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ نومبر میں ہونے والا کانفرنس کا اجلاس خطے اور عوام کے لیے عملی اور مثبت نتائج فراہم کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کو اس وقت کئی سنگین چیلنجز درپیش ہیں جن میں ماحولیاتی بحران، غربت میں کمی اور پائیدار ترقی شامل ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے علاقائی پارلیمانوں کے درمیان بامعنی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ نومبر میں منعقد ہونے والی کانفرنس کا مقصد پارلیمانی اداروں کے مابین کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینا ہے، تاکہ مکالمے کو آگے بڑھایا جاسکے، جامع پالیسی سازی کو ممکن بنایا جائے اور مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ اجتماعی کوششوں سے کیا جاسکے۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس ایک ناتھ دھاکل نے ایوان بالا کے ساتھ قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ اشتراکِ عمل انتہائی اہم ہوگا۔ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ خطے کے پارلیمانی قائدین مشترکہ ترقی، پائیدار مستقبل اور عوامی خوشحالی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔