میجر عدنان اسلم شہید کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا

منگل 9 ستمبر 2025 21:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء)میجر عدنان اسلم شہید کی نماز جنازہ چکلالہ، راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ 31 سالہ میجر عدنان اسلم کا تعلق راولپنڈی سے تھا اور وہ 2 ستمبر 2025 کو بنوں میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد سی ایم ایچ میں دورانِ علاج شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔نماز جنازہ میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، وفاقی وزیردفاع، وفاقی وزیر اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، عسکری و سول حکام اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میجر عدنان اسلم نے جواں مردی اور بہادری کے ساتھ اپنی قیادت میں دشمن کا مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم نے آج اپنے ایک بہادر سپوت کو کھو دیا ہے، جن کی جرات اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے شہید کو پاکستان کی بہترین روایات کا نمائندہ قرار دیا جنہوں نے وطن کی محبت اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدنان اسلم کی شہادت اس بات کی گواہی ہے کہ پاک افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ شہید کو ان کے آبائی علاقے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔