Live Updates

ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ کا آر ڈی اے کا دورہ، سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی روانگی کا جائزہ لیا

منگل 9 ستمبر 2025 19:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) نورالامین مینگل کی خصوصی ہدایت اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی نگرانی میں آر ڈی اے کی ٹیم نے ضلع گجرات کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھی ہوئی ہے۔ آر ڈی اے کی جانب سے بھیجی گئی گاڑیوں میں متاثرہ خاندانوں کے لیے ضروری اشیاء شامل تھیں۔

سامان میں صاف پینے کے پانی کی 3,800 بوتلیں ، تازہ اور خشک دودھ کے 4,400 پیکٹس، اور ادویات سے بھری ایک گاڑی شامل ہے، ان ادویات میں 8,650 اینٹی بائیوٹک گولیاں، 2,400 کھانسی اور اینٹی ہسٹامین سیرپ، 500 اسکیب لوشنز اور 200 فسٹس جیل شامل ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ مدیحہ طاہر شاہ نے آر ڈی اے کے دفتر کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آر ڈی اے کی انتھک محنت اور فوری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی قیادت میں ادارے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں،یہ کام عوامی خدمت اور انسانی ہمدردی کی بہترین مثال ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور سیکرٹری ہاؤسنگ کی رہنمائی کے تحت ہم اپنے متاثرہ ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کے لیے پرعزم ہیں،آر ڈی اے گجرات کے سیلاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ہماری ٹیمیں بروقت امداد کی فراہمی جاری رکھیں گی۔

مزید برآں آر ڈی اے گجرات کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ متاثرین کی ضروریات کا بروقت اندازہ لگایا جا سکے اور آئندہ کے امدادی اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات