عالمی دہشت گرد اسرائیل کی بربریت ناقابل برداشت ہے، حافظ منیر حسین احمد

منگل 9 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ منیر حسین احمد نے اسرائیل کی جانب سے قطر میں فضائی حملے اور حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ کی شہادت پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی یہ کاروائی کھلی دہشت گردی اور بدمعاشی ہے۔ معصوم فلسطینیوں اور مزاحمتی قیادت کو نشانہ بنا کر اسرائیل ایک بار پھر دنیا کے سامنے اپنے جنگی جرائم کا اعتراف کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمِ اسلام کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے لیے جانیں قربان کرنے والے مجاہدین کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے، لیکن مسلم حکمران خوابِ غفلت میں ہیں۔ انہوں نے او آئی سی، عرب لیگ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جارحیت کا فوری نوٹس لیا جائے اور مظلوم فلسطینی عوام کی عملی مدد کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے۔حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ اسرائیلی مظالم اور امریکی پشت پناہی کے باوجود فلسطینی عوام کے حوصلے بلند ہیں، خلیل الحیہ کی شہادت فلسطینی مزاحمت کی تحریک کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کی آواز بلند کرتی رہے گی۔