سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دوحہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت

منگل 9 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دوحہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، اسرائیل کا قطر پر حملہ قطر کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ ہے۔ منگل کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے اورقطر کے نہتے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فسطائیت خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، اسرائیل کے ہاتھ لاکھوں بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اسرائیلی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے، اسرائیل عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نےقطر کی پارلیمان اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام قطر کے پارلیمان اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔