عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں اضافہ

بدھ 10 ستمبر 2025 12:27

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رہا ۔ رائٹرز کے مطابق بدھ کو کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ فیوچرز 61 سینٹ یا 0.92 فیصد بڑھ کر 67 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز 61 سینٹ یا 0.97 فیصد اضافے کے ساتھ 63.24 ڈالر فی بیرل رہے۔

(جاری ہے)

او این ڈی اے کے سینئر تجزیہ کار کیلون وونگ نے کہا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ بنیادی طور پر جغرافیائی خطرات میں اضافے کے باعث ہوا ہے، اسرائیل کے دوحہ پر غیر معمولی حملے نے خدشات بڑھا دیے ہیں کہ اگر اوپیک پلس رکن ممالک کی پیداواری تنصیبات متاثر ہوئیں تو سپلائی میں کمی آسکتی ہے۔

ابتدائی طور پر دونوں بینچ مارکس میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا مگر بعد میں امریکہ کی یقین دہانی کے بعد کہ قطر کی سرزمین پر دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا ، قیمتوں میں تیزی کمی ہوئی تاہم یہ پھر بھی گزشتہ کاروباری روز سے زیادہ رہیں۔آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سائی کیمور کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں محدود ردعمل اور صدر ٹرمپ کے روس پر ممکنہ اضافی پابندیوں کے دعوؤں پر شکوک و شبہات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ تیل کی قیمتیں دوبارہ دباؤ میں آسکتی ہیں۔