بھارتی حکومت کااسرائیل کے ساتھ معاہدہ غزہ میں قتل عام اور نسل کشی کرنے والی حکومت کی حمایت ہے، اسدالدین اویسی

بدھ 10 ستمبر 2025 13:32

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے بی جے پی حکومت کو ایسے وقت میں اسرائیل کے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے جب اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسدالدین اویسی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب کے ساتھ جو معاہدہ کیا وہ غزہ میں نسل کشی اور قحط کی ذمہ دار حکومت کی حمایت کے مترادف ہے۔

انہوں نے اس اقدام کو قابل نفرت اور بھارت کے قومی مفاد کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ نسل کشی کرنے والی حکومت کی حمایت کرنا قومی مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے سودے جنگی جرائم میں نئی دہلی کی شراکت کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت اسرائیلی مظالم روکنے کے عالمی مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام کی دشمن قوتوں کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے۔