سردارعتیق احمد خان کا جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان

بدھ 10 ستمبر 2025 16:45

مظفرآباد/ دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان ،بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ چھ برس سے زیادہ عرصہ سے غیر قانونی طور پر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کشمیری قوم کے ہیروہیں۔

یاسین ملک کے بھارتی مکروہ عزائم کے خلاف جموںکشمیر لبریشن فرنٹ نے 12 ستمبر کو آرپار بھرپور عوامی ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی کال دے رکھی ہے۔سپریم کونسل نے 26 اگست کو اسلام آباد میںجموںکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ''سیو یاسین ملک کانفرنس'' میں ریاست کی سیاسی قیادت کی طرف سے محمد یاسین ملک کے تئیں بھارتی حکومت کے مکروہ عزائم کے خلاف مقبوضہ و آزاد جموں کشمیر کے عوام سے 12 ستمبر جمعةالمبارک کے روز ہڑتال اور بھرپور عوامی احتجاجی مظاہروں کی اپیل کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

نریندر مودی کی حکومت یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا بد ترین نشانہ بناتے ہوئے فرضی اور من گھڑت مقدمات کی پاداش میں انہیں غیر منصفانہ انداز میں عمر قید کے بعد اب پھانسی کی سزا دلوانے پر تلی ہوئی ہے، جس کے خلاف اندرون و بیرون ریاست کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں۔مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ''محمد یاسین ملک ایک پرامن جدوجہد کرنے والے سیاسی رہنما ہیں، جنہیں بلاجواز بھارتی جیل میں پابندِ سلاسل کیا گیا ہے۔

پوری مسلم کانفرنس جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی 12 ستمبر کی کال کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ ہمارے کارکنان جہاں بھی ہیں اس تحریک میں شامل ہوں۔ ہم دنیا بھر کے انصاف پسند اداروں اور حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ یاسین ملک کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔''سردار عتیق نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس یاسین ملک کو کشمیری عوام کے قومی ہیرو کے طور پر تسلیم کرتی ہے اور ان کی رہائی تک ہر سطح پر سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔