استحکام پاکستان پارٹی راوی ٹائون کے شعبہ خواتین کا تنظیمی اجلاس

بدھ 10 ستمبر 2025 21:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) استحکام پاکستان پارٹی راوی ٹاون کے تنظیمی اجلاس میں این اے 117 کی مختلف یونین کونسلزسے خواتین عہدیداران کی نامزدگی فائنل کر لی گئی ہے جسے حتمی منظوری کے لئے مرکزی قیادت کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مزید یونین کونسلوں کے تنظیمی ڈھانچوں کی تشکیل پر بھی مشاورت جاری ہے جس کی نامزدگیاں جلد ہونے کے امکان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی پی کی سنٹرل پالیسی کے مطابق رکنیت سازی اور تنظیم سازی کا عمل مسلسل جاری رہے گا جس کے بعد شاہدرہ اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل راوی ٹائون کی مختلف یونین کونسلز کی تنظیم سازی کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں شعبہ خواتین کی صدور، جنرل سیکرٹریز اور سیکرٹری اطلاعات نامزد کی گئی ہیں جبکہ دیگر یونین کونسلز میں بھی ان عہدیداروں کا انتخاب جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر آئی پی پی شعبہ خواتین راوی ٹائون کے مطابق نامزد عہداران کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کے سلسلے میں جلد ہی پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس وقت ہر یونین کونسلز میں خواتین ونگ کی تنظیم سازی زیر عمل ہے جبکہ رکنیت سازی بھی جلد ہی شروع کئے جانے کے امکانات ہیں۔ جنرل سیکرٹری آئی پی پی میاں خالد محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نامزدگیوں کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

اجلاس میں صدر ویمن ونگ راوی ٹائون شگفتہ اور چودھری جواد خالد گجر سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے آئی پی پی کے ہمراہ سیاسی سفر کا آغاز کیا ہے۔ میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان اور استحکام پاکستان میں خواتین کا اہم کردار رہاہے،خواتین کے تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل پارٹی کے انتہائی اہمیت کے حامل اہداف میں شامل ہے۔ اس موقع پر نامزد عہدیداران نے پارٹی منشور اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی قیادت پر اعتمادواظہار تشکر کیا۔ انہوں نے پارٹی قیادت کی توقعات پر پورا اترنے اور بھر پور سیاسی خدمات کے عزم کا بھی اظہار کیا۔