آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی پولیس انٹرن شپ کرنے والے یونیورسٹی طلبہ سے ملاقات

طلبہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، مثبت کردار ادا کریں،انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی گفتگو

بدھ 10 ستمبر 2025 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس میں انٹرن شپ کرنے والے یونیورسٹی طلبہ کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انٹرنیز نے آئی جی اسلام آباد کے ساتھ پولیس میں اپنے قیمتی تجربات کا تبادلہ کیا اور نظام میں مزید بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔

(جاری ہے)

آئی جی اسلام آباد نے طلبہ کی آرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان معاشرتی بہتری، قانون کی پاسداری اور مثبت رویوں کے فروغ میں مثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو پولیس کے ساتھ مل کر ایک محفوظ، پرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ہمارے طلبہ و طالبات اس ملک کا قیمتی سرمایہ اور اسلام آباد پولیس کے سفیر ہیں، ملک و قوم کی ترقی کا دارومدار نوجوانوں پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں میں نوجوانوں کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابل ستائش ہے، کیونکہ پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے نوجوان نسل کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔