& فرقہ واریت کے کوئی معنی نہیں، سب مسلمان حضرت محمد (ﷺ) سے جڑیں، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:05

ح*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کے کوئی معنی نہیں، سب مسلمان حضرت محمد (ﷺ) سے جڑیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شیخ زاید اسلامک سنٹر کے زیر اہتمام تین روزہ اسماالنبی ﷺپر قومی مقابلہ و نمائش خطاطی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹر پروفیسرڈاکٹر محمد عبداللہ ،پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ نسیم، صدر نشین جامعہ محمدیہ شریف چنیوٹ صاحبزادہ محمد قمر الحق،صدر اقبال یوتھ فورم ملک عمیر اعوان، چیف آرگنائیزر اور بانی اشرف القلم پاکستان محمد اشرف ھیرا، آرٹسٹس ،اساتذہ اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہم اس نمائش کے ذریعے عشق رسول ﷺکا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صاحبزادہ قمر الحق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا جسے رسولﷺ سے عشق ہے وہ بہترین مسلمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد (ﷺ) کی ولادت اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا احسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد (ﷺ) کی ذات کے ذریعے ہم نے اللہ کو پہچاناہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حضور (ﷺ) کے طرز زندگی سے استفادہ کرنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے حضرت محمد (ﷺ) کا غیر مسلموں،خواتین اور بچوں کے ساتھ کیسا سلوک تھا۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد (ﷺ) کے پیغام کو پہنچانا بھی ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سیرت النبی ﷺپر مواد بہت کم ہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت محمد (ﷺ) نے حقوق العباد اور جو ریاستی نظام قائم کیااس پر سوشل میڈیا پروافر مواد ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کامیابی کا راز اسوہ حسنہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن پارے بہت ہی خوبصورت ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اسماء النبی ﷺپر قومی مقابلہ و نمائش خطاطی پر ڈاکٹر محمد عبداللہ اور انکی ٹیم کوخراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد عبداللہ نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں سے آرٹسٹس مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ڈاکٹر ثمینہ نسیم نے کہا کہ فن خدا کا دیا ہوا تحفہ ہوتا ہے۔ محمد اشرف ھیرا نے کہا کہ 500 کے قریب فن پارے آئے جس میں سے 250 منتخب کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 85 فیصد فن پارے خواتین نے پیش کئے۔