Live Updates

خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم کی شاندار پیش رفت, صوبہ میں 714 ملین پودوں کی شجر کاری مکمل

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے سرسبز پاکستان ویژن کے تحت ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے زیر انتظام جنگلات کی بحالی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے شاندار اقدامات جاری ہیں۔ صوبے میں اب تک 714 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں، جو قدرتی ماحول کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے اس حوالے سے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے اور صوبے کو سرسبز بنانے کے لیے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت جاری شجرکاری مہم شاندار کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک صوبے بھر میں 714 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں 3 لاکھ 12 ہزار ایکڑ زمین سرسبز جنگلات میں تبدیل کی گئی ہے۔5,876 ایکڑ حساس جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ مقامی خاندانوں کو گھروں اور کھیتوں میں شجرکاری کے لئے 3․2 ملین پودے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کے لیے 9 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ منصوبے پر خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیی1,039نرسریاں خواتین کے سپرد کی گئی ہیں اور اس منصوبے پر 7․5 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 1․2 بلین پودے لگانے کا ہدف جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف شجرکاری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، ہم سب کو اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔"یہ پروگرام نہ صرف ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ہے بلکہ فضائی آلودگی میں کمی، بارشوں میں توازن اور آبی وسائل کے تحفظ کا بھی ضامن ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات