کشمیریوںکی شناخت، زبان ، نمائندگی اور دین کے خلاف لڑائی چھیڑ دی گئی ہے ، ا ٓغا روح اللہ

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اورسرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا سیدروح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ کشمیریوںکی شناخت، زبان ، نمائندگی اور دین کے خلاف لڑائی چھیڑ دی گئی ہے لہذا ہمیں اس پورے نظام کو بدلنے کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے ضلع اسلام آباد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ درگاہ حضر ت بل میں جو کچھ ہوا وہ ہم سب کے سامنے ہے۔ بعدازاں ایک منتخب ایم این اے پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا اور یوں ہم سب کو ایک واضح پیغام دیا گیا کہ اس قانون کا اطلاق ہم بھی کیاجاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ڈوڈ ہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ہم دیکھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہ ہمیں عدل وانصاف اور عزت و قار کے لیے لڑنا ہے اور جو کوئی اس حوالے سے آوازا ٹھائے گا ، جدوجہد کرے گا ، میں اسکے ساتھ چلنے کیلئے تیار ہوں ۔ آغا روح اللہ نے کہا کہ ہمیں ریل ، سڑک ، پانی جیسے معاملات کو ایک طرف رکھ کر اعدل و انصاف کیلئے آواز اٹھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن غلطیوں سے سیکھنا چاہیے ۔

ہمیں اپنے اپنے ضمیر کا محاسبہ کرناہوگا ، ہمیں ڈر ، خوف ترک کر کے نمرودیت اور فرعونیت کےخلاف ڈٹنا ہوگا۔ آغا روح اللہ نے کہا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ( پی ایس اے) در اصل میں لکڑی کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بنایا گیا تھا لیکن اب یہ لوگوں کو ڈرانے دھمکانے اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا آلہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ریاستی حیثیت بحال کروانے اور پی ایس اے کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ صرف ریاست کا درجہ حاصل کرکے ہی ہم حقیقی قانونی تبدیلی لا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اختیارات دوبارہ حاصل کرنے اور کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے مل جل کرجدوجہد کرنا ہوگی۔