میرواعظ عمر فاروق کا مشتاق احمد نقاش کی وفات پر اظہار رنج و غم

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مشتاق احمد نقاش کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مشتاق احمد نقاش سرینگر کے علاقے بہوری محلہ چھتہ بل کے رہائشی تھے ۔ مرحوم کی میر واعظ خاندان سے قریبی وابستگی رہی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مشتاق احمد نقاش ہر طرح کی دینی ،ملی اور سماجی مجلسوں میں شرکت اور اصلاحی پروگراموںکو آگے بڑھانے میں پیش پیش رہتے تھے۔انہوںنے مرحوم کو ایک انتہائی مخلص اور فعال کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کسی بھی معاشرے میں بہت کم ہوتے ہیںجو پوری یکسوئی اور دیانتداری کے ساتھ قیادت اور مساجد کے منبر ومحراب سے جڑے رہ کر اپنی دنیا اور آخرت سنوارتے ہیں۔میر واعظ عمر فاروق مرحوم کے بیٹوں عبید احمد نقاش ، انصار احمد نقاش اور دیگر غمزدہ لواحقین کیساتھ اظہار تعزیت کیلئے انکے گھر بھی گئے ۔ انہوں نے اس موقع پر مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔