کلثوم نواز کی جدوجہد، قربانیاں اور لازوال خدمات تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے مادرِ جمہوریت کلثوم نواز مرحومہ کی برسی کے موقع پر ان کی ملک و قوم کے لیے شاندار خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی۔اپنے پیغام میں سیدال خان نے کہا کہ محترمہ کلثوم نواز کی جدوجہد، قربانیاں اور لازوال خدمات تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز نے مشکل ترین حالات میں نہ صرف سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا ساتھ نبھایا بلکہ ہر مشکل گھڑی میں چٹان کی طرح ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔ وہ جرات، حوصلے اور استقامت کی علامت تھیں جنہوں نے ہر آزمائش کے وقت اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو حوصلہ دیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کلثوم نواز نے عوامی مسائل پر ہمیشہ کھل کر آواز بلند کی اور عوام کے دکھ درد میں شریک رہیں۔

ان کی جدوجہد اور قربانیاں جمہوریت کی بالادستی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے استحکام کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کی شخصیت وفاداری، عوامی خدمت اور عزم و ہمت کی ایک عظیم مثال تھی، اور یہی وجہ ہے کہ پوری قوم انہیں محبت اور عقیدت کے ساتھ یاد کرتی ہے۔سیدال خان نے مزید کہا کہ شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو مضبوط بنانے میں کلثوم نواز کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے سماجی خدمت کے میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کیا اور بے شمار خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے منصوبے شروع کرائے۔ وہ خواتین کے لیے مشعلِ راہ تھیں اور ان کی ادبی و شعری خدمات کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ محترمہ کلثوم نواز نہ صرف ایک مشفق اور بہترین بیوی تھیں بلکہ ایک شفیق اور مثالی ماں بھی ثابت ہوئیں۔ ان کی بہتر تربیت اور پرورش کا نتیجہ ہے کہ آج مریم نواز شریف وزیراعلی پنجاب کے طور پر ملک و قوم کی خدمت کر رہی ہیں اور اپنی والدہ کی طرح عوامی فلاح و بہبود کے لیے دن رات سرگرم ہیں