ڈوڈہ میں چوتھے روز بھی سخت پابندیاں برقرار، معمولات زندگی مفلوج

پولیس نے معراج ملک کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران چند خواتین سمیت کم از کم آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 14:20

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں رکن قانون ساز اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے عائد کی جانی والی سخت پابندیوںکا سلسلہ آج چوتھے روز بھی جا ری ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے ضلع کے علاقوں بھلیسا، کہارا اور چلی پنگل میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے عام آدمی پارٹی سے وابستہ رکن اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران چند خواتین سمیت کم از کم آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ مظاہروں کو روکنے کیلئے بڑی تعداد میںپولیس اور بھارتی پیرا ملٹری اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈوڈہ بھر میں 14ستمبر تک سکول بھی بند کیے گئے ہیں۔ پابندیوں کے باعث لوگ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت کا شکار ہیں ۔ ٹھٹھری، گندوہ بھلیسہ، مرچ پنگل اور کہرہ کے علاقوں میں گزشتہ تین روز سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔ پورے ضلع ڈوڈہ مٰں معمولات زندگی مفلوج ہیں اور لوگ سخت پریشان ہیں۔