جی ای آئی ایس پاکستان کا افتتاح، برقی اور توانائی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان نے برقی اور توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائٹ)کراچی میں جی ای آئی ایس پاکستان (IMS Electric Pvt. Limited) کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صنعتکاروں، معروف کارپوریٹ شخصیات، سرکاری حکام اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع کو پاکستان کے انفراسٹرکچر کے لیے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا گیا۔جی ای آئی ایس پاکستان کو حال ہی میں فن ٹیک ٹی اینڈ ڈی لمیٹڈ نے اپنے انتظام میں لیا ہے۔ یہ کمپنی 2018 میں جی ای کے او ای ایم-1 پینل بلڈر کے طور پر قائم ہوئی تھی۔ الہی گروپ کی مالی معاونت اور قیادت میں فن ٹیک نے گزشتہ برس لبرا انجینئرنگ کو بھی خریدا، جس کے بعد اس کی مصنوعات میں ایل وی/ایم وی پینلز، ڈرائی ٹائپ ٹرانسفارمرز اور بس ویز جیسا جدید برقی سامان شامل ہوگیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دانش غوث، سی ای او جی ای آئی ایس پاکستان نے کہا:"یہ افتتاح نہ صرف کمپنی کے لیے ایک نئے سفر کا آغاز ہے بلکہ پاکستان میں صنعتی ترقی کے ہمارے عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ ہم پیداواری صلاحیت کو مکمل طور پر بحال کریں گے اور برآمدات میں اضافہ کریں گے۔ ہمارا مقصد ہے کہ پاکستان کو بس ویز اور ڈرائی ٹائپ ٹرانسفارمرز کے شعبے میں عالمی سطح پر، خصوصا خلیجی اور لیونٹ ممالک کے لیے ایک نمایاں سپلائر بنایا جائے۔

"اس موقع پر دانش الہی، سی ای او الہی گروپ آف کمپنیز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"فن ٹیک ہماری ابتدائی سرمایہ کاریوں میں شامل تھی، جس نے ہمارے کاروباری دائرہ کار کو مزید وسعت دی۔ جی ای آئی ایس پاکستان کی نئی انتظامیہ کو ہم نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ فیکٹری نہ صرف دوبارہ فعال ہوگی بلکہ کراچی کے عوام کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔

"جی ای آئی ایس پاکستان، جی ای کی انڈسٹریل سولیوشنز کی عالمی وراثت کو آگے بڑھا رہا ہے۔ جی ای گزشتہ 130 برسوں سے انجینئرنگ اور جدت کا استعارہ ہے۔ آج جی ای آئی ایس دنیا بھر میں برقیات کے شعبے میں اپنی قیادت منوا چکا ہے اور جدید حل فراہم کرتا ہے جن میں سوئچ گیئر، ٹرانسفارمرز، آر ایم یوز، بس ویز، ایل وی/ایم وی/ڈی سی کمپوننٹس، ای وی چارجرز اور جدید برقی نظام شامل ہیں۔