Live Updates

پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب سندھ میں داخل، کچے کے علاقے اور ہزاروں ایکڑ فصلیں زیرآب

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:50

سکھر/کندھ کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سندھ میں داخل ہونا شروع ہوچکا، کندھکوٹ کے کچے کے تمام علاقے زیرآب آگئے، سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی زیرآب آگئیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد منہ زور سیلاب گڈو بیراج کے راستے سندھ میں داخل ہونا شروع ہوچکا ہے، گڈوبیراج پر درمیانے درجے کیسیلاب کے بعد کندھکوٹ کے کچے کے تمام علاقے زیرآب آگئیاور ان کا شہروں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

سیلاب میں محصورگائوں جیون خان گولو کے مکینوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ انہیں وہاں سے نکالنے کیلئے انتظامات کیے جائیں۔سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ پرکھڑی فصلیں بھی زیرآب آگئی ہیں، اور پانی بڑھنے کے باعث حفاظتی بندوں پر بھی دبائو بڑھنے لگا۔

(جاری ہے)

حساس قرار دیئے گئے کے کے بند اور اولڈ توڑی بند کومضبوط بنانے کاکام بھی جاری ہے۔

پروونشل رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل سندھ نے دریائوں اور بیراجوں میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیے جن کے مطابق دریائے چناب میں پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔پنجند کے مقام پر پانی کی آمد و اخراج 6 لاکھ 84 ہزار 293 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد 5 لاکھ 17 ہزار 724 کیوسک جبکہ اخراج چار لاکھ 85ہزار 272 کیوسک ہے۔

سکھر بیراج پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد چار لاکھ53 ہزار 140 کیوسک اور اخراج چار لاکھ 18 ہزار 810 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔کوٹری بیراج پر فی الوقت نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد دو لاکھ59 ہزار 504 کیوسک جبکہ اخراج دو لاکھ54 ہزار 354 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات