کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری نظر بندوں کی حالت زار پر شدید تشویش کاا ظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت کشمیری نظر بندوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سیاسی جدوجہد کرنے پر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو بدترین ریاستی دہشت گردی کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یٰسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ایازاکبر،، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد یوسف، بلال صدیقی، مولوی بشیر احمد، مشتاق الاسلام، ظفر اکبر بٹ، محمد رفیق گنائی، عمر عادل ڈار، عبدالاحد پرہ، فردوس احمد شاہ، سلیم ننہ جی، محمد یاسین بٹ اور دیگر کو مقبوضہ علاقے اور بھار ت کی جیلوںمیں برسہابرس سے قید ہیں جہاں انہیں تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نظربندوں کو بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو پوری طرح فوجی چھائونی میں تبدیل کر کے کشمیریوںکے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ نظر بندوں کی رہائی اورتنازعہ کشمیرکے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔