بلوچستان کے نوجوانوں نے دنیا کے کئی بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے، وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے گورنمنٹ گرلز کالج جناح ٹاؤن کوئٹہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے تزئین و آرائش شدہ ہال کا افتتاح کیا اور کالج میگزین کا اجراء بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ معیاری اور اعلیٰ تعلیم کا فروغ، خصوصاً بچیوں کے لیے، ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر فرد تک تعلیم کی رسائی یقینی بنانا ان کی کوششوں کا محور ہے، کیونکہ ترقی و خوشحالی صرف تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ راحیلہ درانی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں نے دنیا کے کئی بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے، جو اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہماری اصل شناخت اور پہچان پاکستان ہی ہے۔ وزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے دفتر کے دروازے صوبے کے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات میں اجتماعی تعاون کی ضرورت ہے۔ تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے راحیلہ درانی نے شاندار کارکردگی دکھانے والے افسران، اساتذہ اور طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے۔