پاکستان میں ہر سال 5,000 خواتین سروائیکل کینسر کا شکارہوتی ہیں،ڈاکٹرعروج یاسرخان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) کپیٹل ہسپتال میں آگاہی سیشن کے دوران کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر عروج یاسر خان نے پاکستان میں سروائیکل کینسر کی سنگین صورتحال اور اس کے حل کے لیے اہم اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 5,000 خواتین سروائیکل کینسر کا شکار ہوتی ہیں۔ یہ تعداد اصل بوجھ کا مکمل اندازہ نہیں دیتی کیونکہ ہمارے پاس قومی سطح کا کینسر رجسٹری سسٹم موجود نہیں۔

اس بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومتِ پاکستان نے گوی (Gavi) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کے تعاون سے 15 ستمبر 2025 سے پائلٹ ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس مرحلے میں پنجاب، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں 9 تا 14 سال کی عمر کی تقریباً 1 کروڑ 50 لاکھ لڑکیوں کو ایک خوراک پر مشتمل ویکسین دی جائے گی۔

(جاری ہے)

2026 سے یہ ویکسین باقاعدہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) میں شامل ہو جائے گی، جس کے بعد اس کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جائے گا اور تقریباً 1 کروڑ 78 لاکھ بچیوں کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹر عروج یاسر خان نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی آئندہ نسلوں کی صحت کے تحفظ میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے لیکن اس کی کامیابی عوامی شعور پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے گائناکالوجسٹس، پیڈیاٹریشنز، نرسز، کمیونٹی ہیلتھ ورکرز اور اساتذہ کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ معاشرے میں آگاہی پھیلائی جا سکے اور غلط فہمیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔