Live Updates

دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند؛ نوشہرو فیروز دربیلو میں زمیندارہ بند ٹوٹ گیا

صوبہ پنجاب میں تباہی مچاکر آنے والا سیلابی ریلا گھوٹکی کے کچے میں داخل،دریائے سندھ گڈو بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ دریا سندھ کے کچے کے علاقوں میں مویشی چرانے،نہانے پر 15 روز کیلئے پابندی عائد جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریا سندھ پر عوامی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کردی گئی

اتوار 14 ستمبر 2025 14:20

نوشہرو فیروز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)صوبہ پنجاب میں تباہی مچاکر آنے والا سیلابی ریلا گھوٹکی کے کچے میں داخل ہوگیا،دریائے سندھ گڈو بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70ہزار کیوسک پانی میں اضافہ ریکارڈکیاگیا، پانی کی آمد 6 لاکھ 12 ہزار 269 کیوسیک ریکارڈ کی گئی،دریائے سندھ گڈوبیراج میں پانی کا اخراج 5 لاکھ 82 ہزار 942 کیوسیک ریکارڈ کیا گیا،دریا سندھ کے کچے کے علاقوں میں مویشی چرانے،نہانے پر 15 روز کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے،ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریا سندھ پر عوامی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

نوشہرو فیروز میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جس کے باعث دربیلو کے قریب ایک اور زمیندارہ بند ٹوٹ گیا ہے جس سے سڑکیں اور فصلیں زیرِ آب آگئی ہیں۔

(جاری ہے)

بند ٹوٹنے سے پانی گائوں ہاشم سیال، گائوں تنیہ میں داخل ہوگیا، جس نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ علاقہ مکینوں کی مویشیوں اور سامان کے ہمراہ محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔

پنوعاقل دریائے سندھ گڈو بیراج اور سکھر بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کچے کے دریائی علاقوں میں سینکڑوں بستیاں ڈوب گئی ہیں۔سکھر بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 72 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، سکھر، گھوٹکی، کندھ کوٹ، اوباڑو میں کئی بستیاں زیر آب آچکی ہیں۔ادھر ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح گرنے لگی ہے تاہم اب بھی 4 لاکھ 92 ہزار کیوسک کا ریلا موجود ہے۔

گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب جہاں 5 لاکھ 61 ہزار کیوسک کا ریلا پہنچ گیا ہے۔پاک نیوی کے جوان سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے کے لیے سرگرم ہیں جبکہ مقامی لوگ کسی صورت اپنا گھر چھوڑ کر باہر آنے کو تیار نہیں ہیں۔علاوہ ازیں ارین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل نے بتایا ہے کہ گڈو بیراج پر پانی کے بہائو میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ دریائے سندھ گڈوبیراج پر دو روز سے اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے،پانی حفاظت بندوں سے ٹکرا گیا، سیلابی ریلے نے کچے کے مزید متعدد دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دوسری جانب دریا سندھ کے کچے کے علاقوں میں مویشی چرانے،نہانے پر 15 روز کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے،ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریا سندھ پر عوامی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد ہے۔کمشنر نوابشاہ کے مطابق ریسکیو اورریلیف کی سرگرمیوں کو استثنی حاصل ہوگا،پولیس خلاف ورزی پردفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کاروائی عمل میں لائے،آئندہ دنوں میں دریاسندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے امکانات ہیں،کمشنرشہید بینظیر آباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات