Live Updates

ةحکومتی اقدامات ناکافی، سیلاب زدگان کی امداد میں کوتاہی بڑھتی جا رہی ہے، علامہ سبطین سبزواری

×متاثرہ علاقوں میں آبیانہ، قرضے اور زرعی انکم ٹیکس معاف کیا جائے، کھاد بیج اور مویشیوں کے لیے چارہ مفت فراہم کیا جائے /سیلاب پر سیاست کرنے کے بجائے قومی جذبے کے ساتھ متاثرین کی بحالی کا کام کیا جائے،مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل

اتوار 14 ستمبر 2025 20:20

ذ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی ریلیف اور امداد میں کوتاہی بڑھتی جا رہی ہے، حکومتی اقدامات ناکافی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے صرف اگست کے بجلی کے بل معاف کرنا ناکافی ہے،ریلیف پیکج کو آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط کرنا بھی قابل مذمت اور قومی خود مختاری پر سوالیہ نشان ہی کیا وزیراعظم اتنے بے اختیار ہو چکے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف سے اجازت لے کرعوام کے لیے بجلی کے بل معاف کر سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ صرف بجلی کے بل ہی نہیں متاثرہ علاقوں میں کسانوں کا آبیانہ، قرضے اور زرعی انکم ٹیکس معاف کیا جائے، کسانوں کو کھاد بیج اور مویشیوں کے لیے چارہ بھی مفت فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

حکومت کی طرف سے جامع پیکج کااعلان کیا جائے ،جو صرف لفاظی نہ ہو بلکہ اس میں عملی اقدامات بھی ہوں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے ۔

سیلاب پر سیاست کرنے کے بجائے تمام سیاسی مذہبی جماعتیں قومی جذبے کے ساتھ متاثرین کی بحالی کا کام کریں۔ مخیر حضرات اور سرمایہ دار بھی آگے آئیں ۔سیلاب زدگان کی بحالی کا کام کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعة النجف میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سامان بھجوانے کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی مدظلہ العالی کے حکم پر شیعہ علماء کونسل کے کارکنان پہلے سے ہی اپنے اپنے علاقوں میں سیلاب زدگان کی ریلیف اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات