مقبوضہ وادی کشمیر میں تمام پھل منڈیاں کل سے 2روز کیلئے بند رہیں گی،کشمیر ویلی فروٹ گروورز ڈیلرز یونین

اتوار 14 ستمبر 2025 21:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں وادی کشمیر کی تمام پھل منڈیاں کل سے دو روز کیلئے بند رکھنے کی کال دی گئی ہے۔ دو روزہ ہڑتال کی یہ کال کشمیر ویلی فروٹ گروورز ڈیلرز یونین نے سرینگر جموں شاہراہ کی مسلسل بندش کیخلاف دی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیر ویلی فروٹ گروورز ڈیلرز یونین کا کہنا ہے کہ پھلوں سے لدے سینکڑوں ٹرک شاہراہ پر کئی دنوں سے پھنسے ہوئے ہیں،ان میں لدا پھل خراب ہو چکا ہے اور کاشتکاروں اور تاجروں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

یونین نے کہا کہ اس صورتحال نے پھل منڈیوں کو بحران میں دھکیل دیا ہے، مینڈیوں میں تازہ پھل کے ڈھیر لگ گئے ہیں لیکن شاہراہ کی بندش کے باعث یہ پھل وادی سے باہر کی منڈیوں کی طرف جانے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

یونین نے کہا کہ اس ابتر صورتحال پر احتجاج کے تحت کل اور پرسوں تمام منڈیاں کاروبار کے لیے بند رہیں گی۔ یونین نے اعلان کیا ان دو دنوں کے دوران صبح 8 بجے سے رات 9 بجے تک پرامن مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔

پھلوں کے کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جب تک شاہراہ مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتی ، اس وقت تک وہ منڈیوں میں پھلوں کی تازہ کھیپ نہ بھیجیں۔ یونین نے باغبانوں پر زور دیا کہ وہ موجودہ حالات میں اپنی سیب اور ناشپاتی کی فصل کی کٹائی میں جلدی نہ کریں۔کشمیر ویلی فروٹ گروورز/ ڈیلرز یونین کے چیئرمین اور دی نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد بشیر نے کہااس صورتحال نے باغبانی کے شعبے کو ناقابل برداشت نقصان پہنچایا ہے، جو کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحدزمینی راستہ سرینگر جموں شاہراہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے ہونے والی لینڈ سلائینڈنگ کے سبب گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے ٹریفک کیلئے بند ہیں ۔ شاہراہ پرسیب اور دیگر پھلوں سے لدے ہوئے سینکڑوں ٹرک پھنسے ہوئے ہیں۔