سندھ امن جلسہ میں ضلع جنوبی کے کارکن بنیادی کرداراداکریں گے،شیخ الحدیث مولانانورالحق

بارشوں کے بعد لیاری کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے، صدر ٹائون کی سڑکیں تباہی کامنظر پیش کررہی ہیں، جے یو آئی

پیر 15 ستمبر 2025 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) جمعیت علماء اسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیرشیخ الحدیث مولانانورالحق نے کہا ہے کہ سندھ امن کارواں امن دشمن ٹولے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،سندھ امن جلسہ میں ضلع جنوبی کے کارکن بنیادی کرداراداکریں گے، بارشوں کے بعد لیاری کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے، صدر ٹائون کی سڑکیں تباہی کامنظر پیش کررہی ہیں،وہ سندھ امن جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔

ان مواقع پرجنرل سیکرٹری عبدالحق مخلص،مفتی عبدالخالق سولنگی،مولانا نصیراللہ چغرزئی،سیدلقمان شاہ،ڈاکٹرمذمبرخان،مفتی محمداقبال بلوچ، مولانا جبران ملازئی،حاجی شوکت علی راجپوت،خلیل احمدبلوچ،حاجی یوسف سرحدی،مولانا نسیم حجازی،مولانا عمر فاروق سمیت متعدد ارکان بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

شیخ الحدیث مولانانورالحق نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد لیاری اور صدر ٹائون کی سڑکیں اور گلیاں تباہی کامنظر پیش کررہی ہیں،گلی محلوں کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہو گئی ہیں جبکہ ان میں جگہ جگہ بڑے گڑھے پڑے ہو ئے ہیں ، گلیاں ناہموار اور گندگی غلاظت سڑکوں پر موجود ہے، شہریوں کا پیدل چلنا محال ہوگیا ہے،سندھ امن مارچ کچے کے ڈاکوئوں کے ساتھ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے پکے کے ڈکیتوں کے خلاف بھی ہے،وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے سندھ امن کارواں جلسہ میں کراچی ضلع جنوبی کے شہریوں کے دیرینہ مسائل بھی پیش کریں گے،انہوں نے کہاکہ جے یو آئی سندھ کے عوام کو متبادل قیادت فراہم کرکے سندھ دشمن قوتوں سے نجات دلائے گی،16 سالہ سیاہ دور کا خاتمہ عوامی طاقت سے کریں گے،مولانافضل الرحمن کی قیادت میں آئندہ نسل کو پرامن اور خوشحال پاکستان دینے کے لیے کوشاں ہیں،ہماری جدوجہد روز اول سے پر امن ہے اور ہم اپنی منزل کے حصول تک پر امن رہنے کا عزم کیے ہوئے ہیں،سندھ امن کانفرنس کے انعقاد کیلئے تمام عہدے داران اور کارکنان پرجوش ہیں،کانفرنس کی تیاریاں بھرپور انداز سے کی جا رہی ہیں۔