Live Updates

حکومت سندھ نے سپر فلڈ کے باعث شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے موئثر اقدامات کئے ہیں ، ایم پی اے جمیل احمد سومرو

منگل 16 ستمبر 2025 21:36

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری اور ایم پی اے لاڑکانہ جمیل احمد سومرو نے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا اور دیگر عملداروں کے ہمراہ موریا لوپ بند اور بُرڑا پتن کا دورہ کیا۔جہاں محکمہ آبپاشی کے چیف انجینئر مختیار ابڑو نے انہیں پانی اور بندوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے کہا کہ بھارت سے آنے والے سیلابی پانی نے پنجاب میں تباہی مچا دی ہے، جس کے باعث جنوبی پنجاب کے شہر، گاؤں اور بستیاں زیرِ آب آگئی ہیں۔ ایسی صورتحال میں امکان ہے کہ دریائے سندھ میں 11 سے ساڑھے 11 لاکھ کیوسک پانی آئے گا، اسی لیے حکومت سندھ نے سپر فلڈ کے باعث شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے موئثر اقدامات کئے ہیں ،متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ لوگ ہمارے بھائی ہیں، ان کی تکلیفیں ہماری تکلیفیں ہیں۔ اسی وجہ سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی تمام سرگرمیاں سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی تک معطل کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے منتخب نمائندے مختلف اوقات میں بندوں کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ پہلے موریا لوپ بند حساس بند تھا، جہاں محکمہ آبپاشینے 100 فٹ پتھر کا بند بنایا ہے جو سپر فلڈ سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج پر پانی کے بہاؤ کی مقدار 5 لاکھ 18 ہزار کیوسک ہوگئی ہے اور یہاں بھی 5 لاکھ 18 ہزار کیوسک پانی موجود ہے۔ زیادہ پانی کے آنے سے دریائے سندھ کے رائٹ بینک پر دباؤ ہے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سردار ممتاز علی بھٹو کے انتقال پر امیر بخش بھٹو سے تعزیت کی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات