پنجاب حکومت نے جی ایچ کیوحملہ کیس سمیت 9 مئی کے تمام مقدمات کا جیل ٹرائل منسوخ کرتے ہوئے پرانا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

بدھ 17 ستمبر 2025 23:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے تمام مقدمات کا جیل ٹرائل منسوخ کرتے ہوئے پرانا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے اس حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت جی ایچ کیو حملہ کیس اور 9 مئی کے دیگر 11 مقدمات کی سماعت اب انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت میں ہی ہو گی اور دوران سماعت سابق چیئرمین کی حاضری بذریعہ ویڈیو لنک کی جائے گی جس کے بعد انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے مقدمات کی سماعت کے لئے 19 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے اور سابق چیئرمین کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے لئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ عدالت نے ان مقدمات میں ملزمان کے وکلا کو بھی آگاہ کر دیا ہے سابق چیئرمین کے وکیل فیصل ملک کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نئے نوٹیفکیشن کے تحت سابق چیئرمین کو ضرورت کے مطابق وڈیو لنک پر پیش کیا جائے گا جبکہ جی ایچ کیو حملہ کیس اور دیگر مقدمات کے باقی ملزمان عدالت میں پیش ہونگے عدالت نے کہا نوٹیفکیشن کی کاپی آج ہی ملزمان کے وکلا کو دی جائے گی فیصل ملک نے کہا کہ ہم وڈیو لنک کے ذریعے بانی کی پیشی کے خلاف درخواست دائر کریں گے ہمارا موقف ہے کہ اگر جیل میں ٹرائل نہیں ہونا تو سابق چیئرمین کو عدالت پیش کیا جائے۔