یو ای ٹی میں سیشن 2025 کے طلباء کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد

بدھ 17 ستمبر 2025 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں نئے داخل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک پرُوقار استقبالیہ تقریب کاانعقادہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ اس تعارفی تقریب کا مقصد نئے داخل ہونے والے طلبہ کو ان کے متعلقہ شعبہ جات، یونیورسٹی قواعد و ضوابط، جامعہ کے چیدہ انتظامی دفاتر اورطلبہ کو میسر سہولیات سے آگاہی تھا۔

یاد رہے کہ خزاں 2025کے داخلوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد یوای ٹی میں مختلف شعبہ جات کی کلاسوں کا باقاعدہ آغاز سوموار سے ہو چکا ہے۔ وائس چانسلر کا ویژن یونیورسٹی کو طلبہ سرگرمیوں کا محور و مرکز بناتے ہوئے اعلیٰ سطح پر تعلیم و تربیت کو بہتری کی راہوں سے روشناس کروانا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹرشاہد منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ذہین و محنتی طلبہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہیں تعلیم و تحقیق کے بہترین مواقع فراہم کرنا یونیورسٹی کے تمام تدریسی و انتظامی شعبوں کا مقدم فریضہ ہے۔ پاکستان کا روشن مستقبل طلبہ کی ذہانت و لیاقت اور عملی استعدادسے وابستہ ہے۔ جدید تعلیم کے تمام پہلوؤں کو عمل پسندی کی جانب راغب کرنا یونیورسٹی کی جانب سے ملک و قوم کی بہترین خدمت ہے۔وائس چانسلر نے تدریس و گوورننس کے معاملات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے پلان سے متعارف کروایا جس کے مطابق دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ نئے نصابی مضامین کا اضافہ، طلبہ کی تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ اُن کی عملی مہارتوں میں اضافہ اور تعلیم و صنعت کے مابین روابط میں مزید پختگی اورجدید انفراسٹرکچر و دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یو ای ٹی کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے 3.5 بلین دینے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے یو ای ٹی کو ماڈل یونیورسٹی بنانے کے فیصلے کا خیر مقد م کرتے ہیں۔یو ای ٹی ترقی اور استحکام کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔ریکارڈ داخلے والدین کا یو ای ٹی پر اعتماد کا اظہار ہے۔ یو ای ٹی کو عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل ہے۔

تقریب میں مختلف فیکلٹیوں کے ڈین، چیئرپرسن و صدور شعبہ جات و فیکلٹی اراکین نے نئے آنے والے طلبہ کا پُرجوش استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ تعارفی تقاریب کا انعقاد جامعہ کی درخشاں روایات میں شامل ہے۔ امسال وائس چانسلر کی خصوصی ہدایات پر بیچ 2025 کے نوآمدہ طلبہ کو جامعہ کی علمی و تہذیبی اقدار سے روشناس کروانے کے لئے دن بھر مختلف سٹوڈنٹ سوسائیٹیوں کے عہدیداران و اراکین نے سٹوڈنٹ سروسز سنٹر کے سٹاف کے ہمراہ داخلہ حاصل کرنے والے نئے طلبہ کو مختلف تدریسی و انتظامی شعبہ جات کا دورہ کرواتے ہوئے مختلف اُمور و معاملات میں اُن کی رہنمائی و حوصلہ افزائی کی۔