بلوچستان سے افغان مہاجرین کے انخلاء کا تیسرا مرحلہ جاری، 30ہزار سے زائد مہاجرین وطن واپس

افغان باشندوں کے آباد علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے،جنہیں واپس اپنے وطن بھجوایا جائے گا‘مقامی انتظامیہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 11:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان سے بھی افغان مہاجرین کے انخلاء کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق ملک بھر سے غیرقانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین اور دیگر غیرملکیوں کے انخلاء کا تیسرا مرحلہ یکم ستمبر کو شروع ہوا۔

(جاری ہے)

اس مرحلے میں تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھجوایاجارہا ہے جس کے تحت اب تک 30 ہزار سے زائد افراد اپنے وطن واپس بجھوائے جاچکے ہیں جن میں 20 ہزار افراد رضاکارانہ طور پر واپس گئے ہیں۔

کوئٹہ میں 33 سے زائد تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز بھی افغان باشندوں کے زیرانتظام چلائے جارہے ہیں، انہیں بھی نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں جب کہ ضلعی انتطامیہ کے علاوہ پولیس فورس بھی غیرقانونی غیر ملکی افراد کو واپس بھجوانے کیعمل میں سرگرم ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کے آباد علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے، ہم اس سلسلے میں کارروائیاں کررہے ہیں، جنہیں واپس اپنے وطن بھجوایا جائے گا۔