پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی تعاون اور عوامی فلاح پر اہم پیش رفت

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مغدم کے درمیان اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی تجارت، عوامی فلاح و بہبود اور صحت کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ہیموفیلیا کے مریضوں کے لیے ایران سے مخصوص ادویات کی باضابطہ درآمد کا مطالبہ کیا تاکہ ان مریضوں کو بلا تعطل علاج فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بلوچستان اور ایران کے سرحدی علاقوں کی تعمیر و ترقی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں سہولیات اور روزگار کے مواقع بڑھانا حکومت کی ترجیح ہے۔ایرانی سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ اسلامی اقدار اور برادرانہ تعلقات میں جٴْڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور مستقبل میں بھی یہی تعلق قائم رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے سرحدی تعاون کو عوامی ترقی کے لیے استعمال کرنے پر اتفاق کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد کو نہ صرف تجارتی بلکہ دوستی اور ہم آہنگی کا ذریعہ بنایا جائے گا۔ ملاقات کو دوطرفہ تعلقات میں عملی پیش رفت کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف سرحدی علاقوں میں خوشحالی بڑھے گی بلکہ صحت، معیشت اور سماجی شعبوں میں بھی مضبوط شراکت داری قائم ہو گی۔