Live Updates

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا دریائے سندھ پر گھوٹکی کندھ کوٹ پل پر کام دوبارہ شروع کرنے کا حکم

جمعرات 18 ستمبر 2025 21:07

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا دریائے سندھ پر گھوٹکی کندھ کوٹ پل پر کام دوبارہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دریائے سندھ پر گھوٹکی کندھ کوٹ پل منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیلاب اور دیگر مسائل کے باعث معطل ہونے والے کام کو دوبارہ شروع کرنے کے احکامات دیے۔انہوں نے کہا کہ میں نومبر میں ذاتی طور پر پل کے مقام کا دورہ کروں گا اور وزیر کو منصوبے کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لینے کا پابند بناں گا تاکہ یہ منصوبہ ڈیڑھ سال کے اندر مکمل ہوسکے۔

یہ اجلاس جمعرات کو وزیراعلی ہاس میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا ضیا الحسن لنجار اور حاجی علی حسن زرداری، وزیر اعلی کے معاون خصوصی سید قاسم نوید، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری ورکس نواز سوہو، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ابتدا میں وزیراعلی نے بتایا کہ گھوٹکی کندھکوٹ پل دریائے سندھ پر سب سے طویل پل ہوگا جس کی لمبائی 12.15 کلومیٹر ہوگی۔ گھوٹکی کی جانب 10.40 کلومیٹر اور کندھکوٹ کی جانب 8.10 کلومیٹر طویل رسائی سڑکیں ہوں گی جبکہ 4.548 کلومیٹر طویل ٹھل لنک روڈ بھی منصوبے کا حصہ ہے۔محکمہ ورکس نے بریفنگ میں بتایا کہ گھوٹکی اور کندھکوٹ کی رسائی سڑکیں اور ٹھل لنک روڈ مکمل ہوچکے ہیں۔

جری واہ، گھوٹا فیڈر کینال اور ٹبی مائنر پر تین پل بھی تعمیر ہوچکے ہیں۔ پل کے 38 پائپ کلورٹس مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 732 میں سے 379 پائلز تعمیر ہوچکے ہیں۔ تاہم دریائے سندھ میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث کام فی الحال معطل ہے۔مراد علی شاہ نے محکمہ ورکس کو ہدایت دی کہ نومبر میں جب سیلابی پانی کم ہو تو تعمیراتی کام مکمل رفتار سے دوبارہ شروع کیا جائے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود سائٹ کا دورہ کریں گے اور منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعلی نے وزیر داخلہ کو بھی ہدایت دی کہ نومبر سے پل کی سائٹ پر سخت سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلی نے کہا کہ یہ پل صرف ایک انجینئرنگ کا کارنامہ نہیں بلکہ پاکستان کی معیشت، علاقائی روابط اور عوامی سہولت کے لیے ایک نمایاں منصوبہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پل سندھ، پنجاب اور بلوچستان کو آپس میں جوڑے گا اور خطے میں تجارت، ٹرانسپورٹ اور سماجی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات