باغ میں 22 ستمبر پاکستان زندہ باد کنونشن کی تیاریاں، سردار عتیق احمد خان کی آل پارٹیز اجلاس میں شرکت اور خطاب

جمعہ 19 ستمبر 2025 16:22

مظفرآباد/باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)باغ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان باغ میں 22ستمبر پاکستان زندہ باد کنونشن کے حوالے سے منعقدہ آل پارٹیز مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔آل پارٹیز مشاورتی اجلاس میں وزیر حکومت سردار میراکبرخان، سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ، میجر سردار نصراللہ خان،چیئرمین میونسپل کارپوریشن باغ میجرقیوم،سردار مشتاق نیئر، مسلم لیگ نواز کے رہنما راجہ سعید انقلابی، سردار پرویز چغتائی، خالد امیر گردیزی ایڈووکیٹ،راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ، خالد اکبر عباسی ایڈووکیٹ، ظفر اقبال عباسی، سردار شجاع منگول، راجہ حامد منظور ایڈووکیٹ، راجہ سردار رشید طاہری، راجہ تبارک علی خان اور دیگر سیاسی اور سماجی کارکنان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 ستمبر کو باغ میں ہونے والا پاکستان زندہ باد کنونشن کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت اور وابستگی کا عظیم الشان مظاہرہ ہوگا۔ وہ باغ میں کنونشن کے سلسلے میں منعقدہ آل پارٹیز مشاورتی اجلاس میں شریک ہوئے اور خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی و تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کنونشن کے انتظامات، حکمت عملی اور عوامی شمولیت کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام کا نعرہ ہمیشہ سے ''پاکستان زندہ باد'' رہا ہے اور یہ کنونشن دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور کشمیر کے ناقابلِ تسخیر رشتے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن نہ صرف تحریکِ آزادی کشمیر کی تقویت کا ذریعہ ہوگا بلکہ نوجوان نسل کو بھی پاکستان سے اپنی محبت اور عزم کے اعادہ کا موقع فراہم کرے گا۔انہوں نے تمام کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 22 ستمبر کو پاکستان زندہ باد کنونشن میں بھرپور شرکت کر کے اسے ایک تاریخی عوامی اجتماع بنائیں۔پاکستان زندہ باد کنونش کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو شرکاء کی رہنمائی اورکنونشن کے نظم و ضبط کو یقینی بنائیں گی۔

اس موقع پر راستوں اور مقام کو پاکستان کے پرچموں اور بینرز سے سجایا جا رہا ہے، جبکہ شرکاء جوش و خروش کے ساتھ تیاریوں میں مصروف عمل ہیں۔پاکستان زندہ باد کنونشن کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہارکشمیر بنے گا پاکستان کے عزم کو دہرانا اور پاکستان کے ساتھ محبت و وابستگی کو اجاگر کرنا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ یہ کنونشن اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ دلی وابستگی اور غیر متزلزل تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کارکنان اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ کنونشن دشمنانِ کشمیر کے خلاف ایک عوامی ریفرنڈمثابت ہوگی۔کنونشن میں شریک رہنما اور مقررین پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد اور کشمیر کاز کو اجاگر کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔اور معرکہ حق کو بھی خراج عقیدت پیش کر یں گے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی سٹریٹجیک معاہدہ انتہائی خوش آئند ہے، پاکستان دنیا میں نہ صرف دفاعی اعتبار سے بلکہ سفارتی اعتبار سے بھی ابھر کر آیا ہے، پاکستان کے دفاعی معاہدوں کا دائرہ کار مزید بڑھے گا، پاکستان اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔