عوام پاکستان پارٹی بلوچستان میں تنظیم سازی، مشاورت مکمل

عوام پاکستان پارٹی عوامی خدمت اور سیاسی بیداری کا نیا سفر شروع کرے گی، سید امان شاہ، پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق

جمعہ 19 ستمبر 2025 15:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی ترجمان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبے میں پارٹی کی تنظیم سازی کے سلسلے میں ایک بڑی پیش رفت ھوئی ہے۔ صوبائی کنوینئر سید امان شاہ اور صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق کے درمیان تنظیمی ڈھانچے اور اضلاع میں پارٹی کے عہدیداران کی تعیناتی کے حوالے سے اہم مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مرحلہ وار مختلف اضلاع کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور دیگر عہدیداران کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق کئی اضلاع میں تنظیمی عہدوں کے لیے موزوں اور فعال شخصیات کو فائنل کیا جا چکا ہے جن کا تعلق تعلیم، سماجی خدمت اور عوامی نمائندگی کے مختلف شعبوں سے ہے۔

(جاری ہے)

تنظیم سازی کے عمل سے پارٹی کی جڑیں صوبے میں مزید مضبوط ہوں گی اور عوامی سطح پر پارٹی کا پیغام تیزی سے پھیلے گا۔

اس موقع پر صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور ان کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں، جنہیں صوبے میں قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے مستقبل کو بہتر بنانے میں فعال کردار ادا کرسکیں۔

جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی مسائل کا سامنا ہے۔ عوام پاکستان پارٹی ان مسائل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے ایک جامع پروگرام تشکیل دے رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی صوبے میں مثبت سیاسی کلچر کو فروغ دے گی جہاں شخصی مفادات کی بجائے اجتماعی فلاح اور عوامی خدمت کو بنیاد بنایا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان بھر میں ایک مضبوط تنظیمی ڈھانچے کے ذریعے صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں سیاسی طاقت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے دروازے ہر محب وطن، دیانتدار اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے کے لیے کھلے ہیں۔