چکار میں تاجروں ،طلباء ،سول سوسائٹی، مختلف جماعتوں کے کارکنان کی ریلی اور شو آف پاور

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:46

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء)جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور اس کے مطالبات کے حق میں چکار میں تاجروں ،طلباء ،سول سوسائٹی، مختلف جماعتوں کے کارکنان کی ریلی اور شو آف پاور،ایکشن کمیٹی اور مطالبات کے حق میں شرکاء کی نعرہ بازی ،29ستمبر کے روز چکار میں مکمل شٹر ڈائون کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے آبائی سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر چکار میں صدر انجمن تاجران چکار محمد عارف ڈار، سابق ایڈمنسٹریٹر ٹاؤن کمیٹی چکار سردار فاروق خان، کور ممبر عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر راجہ صہیب جاوید، مسلم کانفرنس کے رہنما سردار بلاول خورشید، مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے رہنما راجہ عمیر خورشید، یوتھ رہنما ابراہیم خان، فہد مجید سمیت دیگر کی قیادت میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کے شرکاء نے آزاد کشمیر کے جھنڈے ،بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں تحریریں درج تھیں،شرکاء عوامی ایکشن کمیٹی زندہ باد، آواز دو ہم ایک سمیت مختلف نعرے لگاتے رہے،اس سے قبل چکار عوامی ایکشن کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں تاجر برادری سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 29 ستمبر کو عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر چکار بازار مکمل بند رکھا جائے گا اور عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر بھرپور سپورٹ کی جائے گی،مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کو را ،ایجنٹ کہنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں جب ان کی مراعات، عیاشیاں بند ہوتی ہیں تو وہ عوامی ایکشن کمیٹی کو مودی کا ایجنٹ قرار دیتے ہیں، لیکن مودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس ختم کرنے پر انہوں نے چپ کیوں سادھ رکھی کسی قسم کی کوئی کانفرنس کیوں نہ کی وہ یہ بتانا مناسب سمجھیں گے کہ مودی کے ایجنٹ وہ ہیں یا عوامی ایکشن کمیٹی عوامی ایکشن کمیٹی کو راہ ایجنٹ کہنے والے دراصل مودی کے یار ہیں، جو ملک پاکستان کے خلاف عوام کو اکساتے ہیں اور پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں، یہی لوگ سائفر جیسا جھوٹا پلندہ لہرا کر خود کو محب وطن ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، عوامی حقوق کی بات کرنے والوں کو غدار ٹھہراتے ہیں، ہم اس رویے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، ہماری جنگ کسی ادارے یا فردِ واحد کے خلاف نہیں بلکہ ظالم اور آزاد کشمیر کی اشرافیہ سے ہے جو عوام کا خون پسینہ نچوڑ کر اپنا بینک بیلنس بناتی ہے،مقررین نے کہا کہ گزشتہ 78 سالوں میں اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کو کون سی سہولت دی ہی تعلیم اور صحت سمیت عوامی مسائل جوں کے توں ہیں، جبکہ سکیم خور اور ریاست کو لوٹنے والے آج عوامی ایکشن کمیٹی پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، اگر یہ سیاست دان واقعی عوام کے ہمدرد ہیں تو عوامی ایکشن کمیٹی میں آئیں اور عوام کی آواز بنیں، ان سیاست دانوں کی بندربانٹ اور عوام دشمن پالیسی کو عوام جان چکی ہے، اور عوام اب ان سے جان چھڑانا چاہتی ہے، انشاء اللہ عوامی ایکشن کمیٹی اپنے تمام مطالبات منوا کر عوام کو ان کا حق دلائے گی۔