بھارتی پولیس تازہ کارروائیوں میں سوشل میڈیا صارفین کو نشانہ بنارہی ہے

لوگوں کے گھروں پرچھاپوں کے دوران سات افراد گرفتار، ڈیجیٹل آلات ضبط

اتوار 21 ستمبر 2025 14:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس کے کائونٹر انٹیلی جنس یونٹ(سی آئی کی) نے نام نہاد دہشت گرد نیٹ ورکس کے ساتھ روابط کے الزام پر سوشل میڈیا صارفین کے خلاف تازہ کریک ڈائون شروع کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آئی کے اہلکاروں نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت مقدمات درج کر کے سرینگر، بارہمولہ، اسلام آباد اور دیگر اضلاع میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے، کم از کم سات افراد کو گرفتارکرلیااور کئی ڈیجیٹل آلات کو ضبط کیا۔

سی آئی کے نے دعویٰ کیا کہ ان افراد نے غلط معلومات پھیلانے اور نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے کے لئے سماجی کارکنوں کا روپ دھار لیا ہے جس کے لئے یہ سوشل میڈیا، انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے پلیٹ فارمز استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

گرفتار نوجوانوں کے لواحقین نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں یو اے پی اے کا غلط استعمال کر کے ہر اختلافی آوازخاص طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور انصاف کی بات کرنے والوں کودبانے کی کوشش کررہی ہیں۔

انسانی حقوق کے گروپوں نے کہا کہ اس طرح کے چھاپے لوگوں کو ہراساں کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں جن کا مقصد سول سوسائٹی کے کام کو جرم قراردیناہے۔سی آئی کے نے آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریوں کاعندیہ دیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد آن لائن اظہاررائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلے سے سکڑتی ہوئی شہری آزادیوں کومزید دبانا ہے۔