باب بلوچستان کی نئی تعمیر حب شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گی، میر علی حسن زہری

اتوار 21 ستمبر 2025 16:11

حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹوز بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

باب بلوچستان کی نئی تعمیر نہ صرف حب شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گی بلکہ صوبے کی نمائندگی کرنے والی ایک شاندار یادگار بھی بنے گی۔وہ حب میںباب بلوچستان کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کر رہے تھے ۔ صوبائی مشیر برائے ماحولیات نسیم الرحمان بھی ہمراہ موجود تھے۔ میر علی حسن زہری نے باب بلوچستان منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حب میں باب بلوچستان کو گرانے کے بعد ماسٹر پلان کے تحت نئے سرے سے تعمیراتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر دورے کے دوران متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں اور تعمیراتی ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ماسٹر پلان کے مطابق باب بلوچستان کو جدید طرزِ تعمیر کے مطابق دوبارہ تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ یہ حب اور بلوچستان کی پہچان کے طور پر مزید شاندار انداز میں نمایاں ہو سکے۔

صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باب بلوچستان صرف ایک گیٹ نہیں بلکہ صوبے کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور جو بھی ادارہ یا ٹھیکیدار اس منصوبے پر کام کر رہا ہے، وہ مکمل ذمہ داری اور ایمانداری سے اپنی خدمات انجام دے۔دریں اثناء صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری ایک روزہ دورے پر حب پہنچے، ان کے ہمراہ صوبائی مشیر برائے ماحولیات لالا نسیم الرحمن بھی موجود تھے۔

دورے کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی ملوک بنگلزئی، ڈسٹرکٹ چیئرمین جاوید جمالی، چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی وڈیرہ جان شیر بلوچ شریف پالاری وائس چیئرمین محمد عظیم سیاں سمیت دیگر رہنماؤں اور عمائدین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔صوبائی وزیر نے حب شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے باب بلوچستان کے نئے ڈیزائن کے تحت جاری کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مزید معیاری اور مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر، چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب وڈیرہ بابو فیض محمد شیخ کی دعوت پر شیخ گوٹھ پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ عوامی ملاقات میں شہریوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر صوبائی وزیر نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔مزید برآں، میر علی حسن زہری نے محبت خان گوٹھ، ساکران اور چاکر گوٹھ کا بھی دورہ کیا اور حالیہ بارشوں سے متاثرہ مستحق خاندانوں میں ضرورت کی بنیادی اشیاء تقسیم کیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ صوبائی وزیر نے بارشوں سے متاثرہ لسبیلہ کینال کا بھی معائنہ کیا، جہاں شگاف پڑنے کے باعث پانی کی ترسیل متاثر ہوئی تھی۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ محکمہ ایریگیشن اور پی ڈی ایم اے کی ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر مرمت کر کے پانی کی فراہمی بحال کر دی ہے میر علی حسن زہری نے چیرمین عزیز گرگناڑی کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔