روانڈا میں پاکستانی سفیر کا ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، دو طرفہ تعاون پر زور

اتوار 21 ستمبر 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) پاکستان کے روانڈا میں سفیر نعیم خان نے جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کے اہم ادارے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہیلتھ ٹورازم، طبی تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر سیر حاصل بات چیت ہوئی۔ یہ دورہ سفیر نعیم خان کی اس کوشش کا حصہ تھا جس کے ذریعے وہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر اریج نیازی نے اپنی ٹیم کے سینئر اراکین کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ہیلتھ گیٹ وے سے محسن سرفراز بھی اس ملاقات میں بطور ہیلتھ ٹورازم ایکسپرٹ موجود تھے۔ہسپتال انتظامیہ نے سفیر کو بتایا کہ ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اور جی اے کے ہیلتھ کیئر کا مقصد ہر شخص کو معیاری اور مناسب لاگت پر علاج مہیا کرنا ہے، ساتھ ہی پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنا بھی ادارے کی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سفیر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا۔ انہوں نے ہسپتال کے اعلیٰ معیار، جدید سہولیات اور عملے و انتظامیہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے بے شمار امکانات ہیں۔ اُن کے مطابق، صحت اور تعلیم میں تعاون سے دونوں خطوں کے عوام کو فائدہ ہوگا اور تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے ڈاکٹر اریج نیازی کو اپنی ٹیم سمیت روانڈا کے دورے کی دعوت دی تاکہ شعبہ صحت سے متعلقہ مواقع کا قریب سے جائزہ لیا جا سکے۔ڈاکٹر اریج نیازی نے کہا کہ ہسپتال کا وژن ہے کہ پاکستان میں اور ملک سے باہر موجود کمیونیٹیز کو عالمی شراکت داروں کے ساتھ ملکر اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کریں ، طبی تعلیم کو بہتر بنائیں اور استعداد میں اضافہ کریں۔

ان اقدامات سے نہ صرف ادارے کے اہداف پورے ہوں گے بلکہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک قابلِ اعتماد ملک کے طور پر پیش کیا جا سکے گا۔ہسپتال کے شعبہ کمیونیکیشیز کے سربراہِ عمران علی غوری نے کہا کہ یہ ملاقات آئندہ دنوں میں بھر پور تعاون کے لیے ایک بنیاد ہے۔ اب اگلا مرحلہ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی، تعاون کے لیے فریم ورک تیار کرنے اور عملی اقدامات پر مزید بات چیت کرنا ہے تاکہ یہ تعلقات اور منصوبے جلد حقیقی شکل اختیار کریں۔

دورے کا اختتام انتہائی خوشگوار انداز میں ہوا اور دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو ایک واضح لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔ یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ جی اے کے ہیلتھ کیئر پاکستان کے طبی شعبے کو دنیا بھر میں وسعت دینے اور افریقہ کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔