پاکستان پیپلز پارٹی امن اور جمہوریت کو دنیا کی ترقی کا اصل ضامن سمجھتی ہے،فیصل کریم کنڈی

اتوار 21 ستمبر 2025 19:50

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی امن اور جمہوریت کو دنیا کی ترقی کا اصل ضامن سمجھتی ہے۔اتوار کو عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وژن اور شہید بے نظیر بھٹو کا مشن آج بھی ہماری سیاسی جدوجہد کا محور ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہی سنہری اصولوں پر گامزن ہیں۔

گورنر نے کہا کہ دنیا میں امن کا قیام صرف اسی وقت ممکن ہے جب جمہوری اقدار کو فروغ دیا جائے، انسانی حقوق کا احترام کیا جائے اور باہمی رواداری کو اپنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ امن، جمہوریت اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور آئندہ بھی انہی اصولوں پر کاربند رہے گی۔

(جاری ہے)

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسرائیل کے مظلوم فلسطینی عوام پر مظالم اور بھارت کے کشمیری عوام پر جبر عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ان مظالم کے خاتمے کے بغیر دنیا میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کا جائز اور بنیادی حق خودارادیت دلانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔گورنر نے کہا کہ امن کو عالمی ترقی کے لیے ناگزیر سمجھتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو پرامن، محفوظ اور خوشحال مقام بنایا جا سکے۔