Live Updates

پتہ نہیں مشن نور کہاں سے چلا اور کس نے یہ شوشہ چھوڑا، بیرسٹر گوہر کا اظہارِ لاتعلقی

پارٹی کا اس مشن سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی پارٹی نے کبھی اس کا اعلان کیا، تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات پرچلتی ہے سوشل میڈیا پرنہیں؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 15:53

پتہ نہیں مشن نور کہاں سے چلا اور کس نے یہ شوشہ چھوڑا، بیرسٹر گوہر کا ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مشن نور کا شوشہ پتہ نہیں کس نے چھوڑا، ہمیں معلوم نہیں، اس کا پارٹی سطح پر اعلان نہیں کیا گیا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پرچلتی ہے سوشل میڈیا پرنہیں، سوشل میڈیا ایسا فورم ہے جس پر کسی کا بھی کنٹرول نہیں، ہمارا ریاست مخالف ایجنڈا نہیں، ہم آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بات کررہے ہیں۔

بیرسٹرگوہر کا مزید کہنا ہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان ملزم ہیں، ان کی خواہش کا احترام ہونا چاہیئے، فیئرٹرائل کا مقصد ملزم کو صفائی کا ہر طرح موقع فراہم کرنا ہے، آج توشہ خانہ ٹوکیس کی سماعت تھی مگر ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور وجہ بھی نہیں بتائی گئی، امید ہے کل بانی چیئرمین سے ملاقات ہو جائےگی، ملاقات ہونی ضروری ہے تاکہ حالات میں بہتری آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انساف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ بہت اچھی بات ہے، ہمیشہ سعودی عرب کی حمایت کی، پارٹی مؤقف ہے کہ امت مسلمہ کو مضبوط کرنے کی حمایت کریں گے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے سینیٹر پیر نور الحق قادری نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاموں کی جماعت ہے اور ہمارے قائد عمران خان مدینہ منورہ کے گلیوں میں جوتوں کے بغیر چلنے والے عاشق رسول ہیں، پاکستان کی حقیقی آزادی، ناگہانی آفات کے ازالے آور ظلم وجبر کے نظام سے نجات کیلئے اذان دیں اور بار بار دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 24 ستمبر ربیع الاول کے مبارک مہینے کے اختتام تک ہر روز تواتر کے ساتھ بعد از نماز عشا اذان دیں اور اذان سے پہلے اور بعد میں شوق و ذوق کے ساتھ رسول خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام پڑھ کر آپنے آقا نبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ غلامی اور محبت کا بھی ثبوت دیں، پاکستان تحریک انصاف 20ستمبر سے 24 ستمبر تک “حکم اذاں” کے نام سے ملک بھر میں اس تحریک کو چلائے گی اور اذان تو ہر صورت دینی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات