Live Updates

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کے محروم طبقات کا سہارا ہے، حافظ نعیم کے الزامات بے بنیاد ہیں ، ترجمان حکومت سندھ

پیر 22 ستمبر 2025 21:40

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) ترجمان حکومت سندھ ومیئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان کے محروم طبقات کا سہارا ہے، جوسیلاب متاثرین کے لیے ڈھال بنا، غریب عورتوں کے لیے سہارا بنا اور کروڑوں خاندانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا،حافظ نعیم الرحمان کے الزامات بے بنیاد ہیں ۔

میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں ، غریب عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو "فراڈ" قرار دینا ان لاکھوں ماؤں اور بہنوں کی توہین ہے جو اس پروگرام کے ذریعہ اپنے گھروں کے چولہے جلاتی اور اپنے بچوں کو تعلیم دلواتی ہیں۔

(جاری ہے)

حقیقت یہ ہے کہ حافظ نعیم کو عوامی خدمت سے کوئی مسئلہ نہیں، اصل تکلیف انہیں "بینظیر" کے نام سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سیلاب متاثرین کے لیے ڈھال بنا، غریب عورتوں کے لیے سہارا بنا اور کروڑوں خاندانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا۔ یہ پروگرام کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پاکستان کے محروم طبقات کا سہارا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ جو عناصر عوامی خدمت کے اس مشن کو بدنام کرنے کی کوشش کریں گے، انہیں عوام خود رد کریں گے۔ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں کے حق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر ڈٹ کر جواب دے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات