Live Updates

زرمبادلہ کے دونوں بازاروں میں ڈالر کی قدر اتارچڑھا کے بعد بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم

انٹربینک میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281 روپے 45 پیسے کی سطح پر بندہوئی،رپورٹ

پیر 22 ستمبر 2025 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)سیلاب کے نقصانات سے کرنٹ اکاؤنٹ دوبارہ خسارے میں آنے،یورو بانڈز کے عالمی سرمایہ کاروں کو30ستمبر تک 50کروڑ ڈالر کی ادائیگیوں کے دبا ؤکے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو ڈالر کی قدر اتارچڑھا کے بعد بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔رپورٹ کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے بیشتر دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 20پیسے کی کمی سے 281روپے 25پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن پاکستان میں خدمات انجام دینے والی غیرملکی کمپنیوں کی اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز کو زرمبادلہ کی صورت میں منافع بھیجنے کے لئے طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے 45پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

(جاری ہے)

اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 282روپے 50پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ سعودی عرب کے ساتھ تاریخ ساز اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری اور ترسیلات زر کی آمد بڑھنے کی توقعات سے مارکیٹ فنڈامینٹلز مثبت ہیں اور معاشی ٹیم کی موثر حکمت عملی کے نتیجے میں بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ بھی زرمبادلہ کے ذخائر پر بوجھ نہیں ہے جس سے ڈالر کی قدر میں مزید بتدریج کمی کے امکانات برقرار ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات