وفاقی وزیرکا پورٹ قاسم پر بندرگاہ کے انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیت کو بڑھا کر سیمنٹ اور کلنکر کی برآمدات کے فروغ کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان

منگل 23 ستمبر 2025 23:29

اسلام ابٓاد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم پر بندرگاہ کے انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیت کو بڑھا کر سیمنٹ اور کلنکر کی برآمدات کے فروغ کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورٹ قاسم پر دو اضافی کثیر المقاصد برتھوں کی تعمیر سے برآمدی کارگو کو زیادہ موثر طریقے سے ہینڈل کرنے کے لیے بندرگاہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریئر ایڈمرل سید معظم الیاس کی سربراہی میں تمام بڑی بندرگاہوں کی نمائندگی کرنے والی ذیلی کمیٹی نے برآمدی صلاحیتوں کو تیز کرنے کے لیے اہم سفارشات کو حتمی شکل دیدی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم پر دو اضافی کثیر المقاصد برتھوں کی تعمیر کو تیز کرنے کی ضرورت ہیجس سے برآمدی کارگو کو زیادہ موثر طریقے سے ہینڈل کرنے کے لیے بندرگاہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا، برآمدی لاجسٹکس کو سپورٹ کرنے کے لیے پورٹ قاسم پر 30ہزارمیٹرک ٹن کی گنجائش کے ساتھ ایک اضافی سٹوریج کی سہولت کی تعمیر کے منصوبے بھی جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ضروری رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد رواں سال کے اواخر تک شروع ہونے کی امید ہے۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ موجودہ سٹوریج کے بنیادی ڈھانچے کی مستقل مرمت کا کام شروع کیا جائے گاجس کو دسمبر 2025 تک یعنی 4-5 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف رکھا جائے گا تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے برآمدی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم ای) کے ساتھ مل کر کلنکر کی برآمدات کے لیے اس وقت زیر استعمال ساہیوال برتھ کے ممکنہ استعمال کے لیے تعاون کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اقدامات بحری شعبے کو مضبوط بنانے اور برآمدی مسابقت کو بڑھانے کے لیے ایک وسیع تر حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہیں، سیمنٹ اور کلنکر میں، اقتصادی ترقی اور تجارتی ترقی میں حصہ ڈالتے ہیں۔