پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور

منگل 23 ستمبر 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھواور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان عسکری و ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور بدلتے ہوئے علاقائی چیلنجوں کے تناظر میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیاہے۔

منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےبحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے پائیدار دفاعی تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کیااورمشترکہ تربیتی اقدامات اور ہوا بازی کی صنعت میں گہرے تعاون پر خصوصی زور دیا۔

(جاری ہے)

چیف آف دی ائیر سٹاف نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی حالیہ پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی جس میں انفراسٹرکچر کی ترقی، تربیت میں اصلاحات اور اعلیٰ صلاحیتوں کو شامل کرنے کے ذریعے جدید کاری کے جامع منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید روشنی ڈالی کہ ان سٹریٹجک اقدامات کا مقصد پی اے ایف کی آپریشنل تیاریوں اور ملٹی ڈومین وارفیئر میں تکنیکی برتری کو بڑھانا ہے۔

ائیر چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں جو ان کے مثالی عسکری تعاون سے ظاہر ہوتے ہیں اور دوطرفہ دفاعی تعاون بالخصوص تربیت، مشترکہ مشقوں اور علم کے تبادلے کے شعبوں میں وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو بھارت کے خلاف حالیہ تنازع میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور غیر معمولی حوصلے کو سراہا۔

کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے تربیت کے میدان میں تعاون بڑھانے کے لیے اپنی بھرپور خواہش کا اظہار کیا اور مشقوں کے ذریعے مشترکہ سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے ساتھ دو طرفہ مشقوں اور مشترکہ تربیتی منصوبوں میں بحرین کی فضائیہ کی گہری دلچسپی سے بھی آگاہ کیا۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ اس طرح کے اقدامات باہمی ترقی اور مشترکہ آپریشنل تجربے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گے، انہوں نے کہا کہ اس دورے سے بھائی چارے اور دفاعی شراکت داری کے پائیدار تعاون کو مزید تقویت ملی جس میں معزز مہمان نے پی اے ایف کی خود انحصاری کی مہم کو سراہا اور علاقائی طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے اس کی قیادت کی تعریف کی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ اور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے فوجی تعاون کو وسعت دینے، ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور بدلتے ہوئے علاقائی چیلنجوں کے تناظر میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیا گیا۔