Live Updates

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز خیبرپختونخوا محمد علی بابا خیل سے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وفد کی ملاقات

بدھ 24 ستمبر 2025 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) ایڈیشنل آئی جی آپریشنز خیبرپختونخوا محمد علی بابا خیل سے بدھ کے روز سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔خیبر پختونخوا پولیس تر جمان کے مطابق وفدکی قیادت تنظیم کے چیئرمین اسد اقبال بٹ کررہے تھے۔ ایڈیشنل آئی جی پیز انوسٹی گیشن عالم شینواری ، انٹرنل اکاﺅنٹبلیٹی اختر عباس، ڈی آئی جی سیکیورٹی قاسم علی خان ، پرنسپل سٹاف آفیسر عمران خان ، ایس پی آپریشنز اسحاق گل اور اے آئی جی جینڈر انیلہ ناز بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ملاقات میں انسانی حقوق کے تحفظ، انصاف کی فوری فراہمی ، خواتین اور اقلیتوں کی بنیادی حقوق سمیت دیگر مسائل اور پولیس کی ذمہ داریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے تحت جاری اقدامات اور کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی جمہوری ریاست کی بنیادی ستون کا کردار ادا کرتا ہے جس کے بغیر پائیدار امن وترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی بابا خیل نے وفد کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس انسانی وقار، شہری آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا اولین فرض عوام کی جان، مال اور عزت و آبرو کی حفاظت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پولیس فورس کو جدید ٹیکنالوجی ، آلات اور ہر قسم کی سہولیات سے لیس کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بتایا کہ صوبے میں خواتین ڈیسک، پولیس سہولت مراکز، کھلی کچہریاں اور کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات انسانی حقوق کے فروغ کی ٹھوس مثالیں ہیں۔ اس کے علاوہ سنٹرل پولیس آفس اور ضلعی سطح پر ہیومن رائٹس ڈیسک بھی قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں پرشہریوں ،خواتین ،بچوں ،اقلیتوں اور کمزور طبقات کو درپیش انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ،شکایات کا اندراج اور ان کے فوری ازا لہ کو ممکن بنایا جاتا ہے۔اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنزمحمد علی باباخیل نے تنظیم کے چیئرمین اسد اقبال بٹ کو پولیس شیلڈ بھی پیش کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات