Live Updates

سوست بارڈر ٹریڈ پر تین ٹیکسزکا خاتمہ گلگت بلتستان کے عوام اور تاجروں کیلئے تاریخی ریلیف ہے،فاروق میر

بدھ 24 ستمبر 2025 23:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے سیکرٹری اطلاعات فاروق میرنے کہا ہے کہ سوست بارڈر ٹریڈ پر تین ٹیکسزکا خاتمہ گلگت بلتستان کے عوام اور تاجروں کیلئے تاریخی ریلیف ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے خطے میں تجارت کے ذرائع بڑھنے، بے روزگاری میں کمی اور عوام کو چین کی تیار کردہ سستی اشیاء کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی نئی تاریخ رقم کی ہے، اس دوران خطے کیلئے ایک کھرب روپے سے زائد کے بجلی، سڑکوں اور سیوریج منصوبوں کی اضافی لاگت کی منظوری، 100 میگاواٹ سولر انرجی منصوبہ، دیامر کیلئے ٹرشری کیئر ہسپتال، بلتستان یونیورسٹی کے دوسرے بلاک کی منظوری، گندم سبسڈی میں اضافہ، ہنزہ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے فنڈز، دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے مسائل کا حل اور سیلاب متاثرین کیلئے چار ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے۔

(جاری ہے)

فاروق میر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثا کو بیس لاکھ روپے فی کس امداد بھی فراہم کی، جب کہ اب تاجروں اور عوام کیلئے ایک اور بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔ یہ تمام اقدامات وزیراعظم کی گلگت بلتستان کے عوام سے خصوصی عقیدت و محبت کا مظہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرکے تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات