نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی برطانوی وزیرخارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

جمعرات 25 ستمبر 2025 00:50

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں برطانیہ کی وزیر خارجہ یویٹ کوپر سے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی پر مشتمل وسیع البنیاد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس (ہو این جی اے 80) کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ یویٹ کوپر سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی پر مشتمل وسیع البنیاد امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ شراکت دارانہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون شامل ہیں۔

فریقین نے خطے اور دنیا میں حالیہ واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے پاکستان اور برطانیہ کے کثیرالجہتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔