وزیرخارجہ کی بحرین کے ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے اور باہمی اشتراک پر اتفاق

ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال، فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی ضرورت کا اعادہ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 ستمبر 2025 11:33

وزیرخارجہ کی بحرین کے ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے اور باہمی ..
نیویارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2025ء ) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزایانی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں تعاون بڑھانے اور عالمی فورمز پر اشتراک پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مضبوط دوطرفہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے اقتصادی تعاون، علاقائی روابط، کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور امن کے لیے مشترکہ عزم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے متنوع شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ انہوں نے غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کی میزبانی میں ہونے والی مشاورتی نشست میں شرکت کی، اس نشست میں اردن اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزرائے اعظم جب کہ مصر، انڈونیشیا، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوئے، اجلاس میں اہم عالمی امور پر باہمی مشاورت کی گئی اور ان پر متفقہ مؤقف اپنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا جہاں محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام مشرق وسطیٰ کے مسلمان بھائیوں کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کی جانے والی ہر مثبت کوشش کی بھرپور حمایت کریں گے۔